کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ بلدیہ کیس میں گواہوں کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے مزید گواہوں کو طلب کرلیا ۔ سماعت پر جیل حکام نے ملزمان رحمان بھولا اور زبیر چریا کو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر متحدہ رہنما رؤف صدیقی بھی پیش ہوئے ۔سماعت کے دوران 30گواہان نے اپنے بیانات قلمبند کرا ئے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 27اگست تک ملتوی کردی ۔ خصوصی عدالت نے اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان قتل کیس کی سماعت گواہ کے پیش نہ ہونےپر 16اگست تک ملتوی کردی ۔سماعت کے موقع پر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا ۔مدعی نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم کے باوجود گواہ کو سیکورٹی نہیں دی جا رہی ۔احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم اور دیگر ملزمان کے خلاف 462 ارب روپے کے کرپشن ریفرنس میں نیب کے گواہ کے بیان پر جرح مکمل ہونے پر سماعت 16 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے مزید گواہوں کو طلب کرلیا ۔ سماعت پر ڈاکٹر عاصم و دیگر ملزمان پیش ہوئے ۔