کراچی (اسٹاف رپورٹر) امریکہ میں مقیم پاکستانی نژاد صحافی عارف افضال عثمانی کی پاکستان آمد پر عمرشریف پر ان کی مرتب کردہ کتاب ”ہمیں تم سے پیار ہے“ کی تقریب رونمائی جم خانہ کلب میں ہوئی، جس میں صحافیوں، فنکاروں اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور لیجنڈ عمرشریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ عمرشریف نے خطاب میں کہا کہ میں اپنے اعزاز میں منعقدہ اس تقریب کو فراموش نہیں کر سکوں گا۔ عارف افضال اور کتاب میں مضامین لکھنے والے تمام شخصیات کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مجھ سے پہلے اس کے حقدار منورظریف، لہری، نرالا اور معین اختر مرحوم تھے۔ صدرمحفل سردار یاسین نے عارف افضال کی کوششوں کو سراہا۔ عارف افضال عثمانی نے کہاکہ عمرشریف وہ فنکار ہے، جو فن کے ہر شعبے پر دسترس رکھتاہے۔ ہمیں اپنے کھلاڑیوں اور فنکاروں کو ان کی زندگی میں ہی خراج تحسین پیش کرنا چاہیے۔ میری کتاب اسی سلسلےکی کڑی ہے۔ تقریب سے ممتاز فنکاروں جاویدشیخ، بہروز سبزواری، زیباشہناز، شہزادرضا، نعیمہ گرج، آفتاب عالم، روٴف لالہ، ہاکی اولمپین اصلاح الدین اور سمیع اللہ سمیت کھیل و فن کی معروف شخصیات نےخطاب کیا۔ عارف افضال عثمانی کی مذکورہ کتاب میں100معروف شخصیات نے عمرشریف اور ان کے فن پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔