میزان بینک کا اجارہ کنونشن- مینوفیکچررز اور ڈیلرز کی شرکت

کراچی (بزنس رپورٹر) پاکستان کے پہلے اور سب سے بڑے اسلامی بینک میزان بینک نے ملک گیر کار اجارہ ڈیلرز کنونشن 2018کا انعقاد کیا۔10روزہ کنونشن میں کراچی، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں مینوفیکچررز اور ڈیلرشپس کی میزبانی کی گئی۔کنونشن میں میزان بینک کی نمائندگی گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس ارشد مجید اورہیڈ آف کار اجارہ واعظ الرحمٰن نے کی، جبکہ تمام بڑے آٹو انڈسٹری مینوفیکچررز ، 200سے زائد مجاز اور غیر مجاز ڈیلر شپس کے مالکان اور نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اپنی نوعیت کے پہلے کنونشن کا انعقاد پاکستان کی پہلی شریعہ کمپلائنٹ کار فنانسنگ پراڈکٹ میزان کار اجارہ ٹیم نے کیاتھا۔کنونشن میں مینوفیکچررز انڈسٹری کی اہم کمپنیوں نے شرکت کی جن میں انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ، ہنڈا اٹلس کارز پاکستان لمیٹڈ، پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ، الحاج فاموٹرزپرائیویٹ لمیٹڈ،کیا لکی موٹرز پاکستان لمیٹڈاور ایم ڈی کے کارپوریشن شامل ہیں۔اس موقع پر میزان بینک کے گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس ارشد مجیدنے کہا کہ کنونشن نے پاکستان کی آٹو موٹو انڈسٹری کے اہم شراکت داروں کو ایک ساتھ جمع ہونے کا موقع فراہم کیا ہے۔ پاکستان کی بڑھتی ہوئی کار فنانسنگ مارکیٹ میں میزان بینک کی جانب سے پیش کی جانے والی مختلف منفردو جدید مصنوعات اور خدمات تمام کاروباری شراکت داروں ، مینوفیکچررز، ڈیلرز کے نیٹ ورک اور پاکستان کی آٹو انڈسٹری کے کاروبار کو بڑھنے میں مدد فراہم کریں گی۔

Comments (0)
Add Comment