اسلام آباد( نمائندہ امت)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھارتی ہائی کمشنر سے کشمیریوں پر مظالم کا معاملہ اٹھا دیا،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے،انہوں نے بھارت کیساتھ تمام تصفیہ طلب تنازعات پر مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا،ملاقات میں بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے نے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور اپنی قیادت کا تہنیتی پیغام پہنچایا تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے ملاقات کی،اجے بساریہ نے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور اپنی قیادت کا تہنیتی پیغام پہنچایا ہے اور انڈین کرکٹرز کا دستخط شدہ بلا عمران خان کو تحفہ دیا۔بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ عمران خان سے ملاقات کیلئے خصوصی طور پر ان کی رہائشگاہ گالہ پہنچے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاک بھارت تعلقات اور دیگر ایشوز پر بھی بات چیت کی گئی۔ اجے بساریہ نے کہا کہ انڈین وزیرِاعظم نریندر مودی کے عمران خان کو ٹیلی فون سے دو طرفہ تعلقات سے متعلق بھارت میں نئی امید جاگی ہے۔اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔