اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف نے اسد قیصر کو قومی اسمبلی کا اسپیکر، چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب نامزد کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پرویز خٹک وزیر داخلہ، شاہ محمود قریشی وزیر خارجہ، شیریں مزاری وزیر دفاع بنائی جاسکتی ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے جمعہ کو میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دونوں کا تقرر طویل مشاورت کا نتیجہ ہے۔اسد قیصر کا تقرر ان کے تجربے اور مہارت کے پیش نظر کیا گیا۔چاہتے تھے کہ چوہدری سرور کی سینیارٹی کا فائدہ اٹھائیں۔ چوہدری سرور پنجاب میں سیاسی استحکام کے لیے بہتر کردار ادا کریں گے۔ 13اگست کو تحریک انصاف اور تمام اتحادی جماعتوں بی این پی، جی ڈی اے، قائد لیگ، متحدہ پاکستان، شیخ رشید احمد و آزاد امیدواروں کا مشترکہ اجلاس ہوگا۔خیبر پختون کے ارکان سے رابطے کی ذمہ داری پرویز خٹک، سندھ کی ذمہ داری عارف علوی، بلوچستان کی ذمہ داری قاسم سوری و خان محمد جمالی، وسطی پنجاب شفقت محمود، مغربی پنجاب چوہدری سرور، شمالی پنجاب عامر کیانی، جنوبی پنجاب کے ارکان اسمبلی سے میں رابطے میں رہوں گا۔ 23سے زائد آزاد امیدوار نے تحریک انصاف میں اپنی شمولیت کا حلف نامہ الیکشن کمیشن کو جمع کرا دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے امیدوار کا اعلان عمران خان کریں گے۔