اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ووٹ کی رازداری پامال کرنے سے متعلق کیس میں الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی معافی قبول کرتے ہوئے ازخود نوٹس واپس لے لیا۔چیف الیکشن کمیشن کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف ووٹ کی رازداری پامال کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کی، اس موقع پر عمران خان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور عمران خان کا بیان حلفی جمع کرایا جس میں چیئرمین تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ میرے خلاف نوٹس کو ختم کیا جائے۔چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس میں کہا کہ ووٹ کی حرمت پامال کرنے کے حوالے سے شواہد ریکارڈ ہونے چاہیے جب کہ فیصلہ کے بعد الیکشن کمیشن نے این اے 53 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیدیا۔