راولپنڈی۔لاہور۔پشاور(خبرنگارخصوصی۔خبرایجنسیاں) ہالینڈمیں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف ملک گیراحتجاج کیاگیا،تحریک لبیک یارسول اللہ نے تحفظ ناموس رسالت کا دن منایا،ملک بھرمیں اجتماعات جمعہ کے دوران ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف قرار دادیں پیش کی گئیں،علامہ خادم رضوی نے کہاہے کہ مسلمان عزت رسول ؐ کاپہرہ دیتے رہیں،تحریک ختم نبوت نے بھی خطبات جمعہ میں شدید احتجاج کیا،مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام اسلام آبادمیں ریلی نکالی گئی۔تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام جمعتہ المبارک ملک بھر کےچاروں صوبوں کشمیر سمیت پوری دنیا میں تحفظ ناموس رسالت پر پڑھایا گیا۔ علماء مشائخ و زونل و ڈویژنل و ضلعی ذمہ داران نے ناموس رسالت کا تحفظ عین ایمانی جزو قرار دیا۔کراچی،حیدر آباد ملتان ،گجرات،فیصل آباد،جہلم،راولپنڈی، اسلام آباد، میرپور آزادکشمیر،چارسدہ،پشاور ودیگر شہروں کے بڑے بڑے اجتماعات میں ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف قرار داد مذمت پیش کی گئیں۔ اور حکومت پاکستان سے ہالینڈ سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور اپنے سفیرکو ہالینڈ سے واپس بلایا جائے۔تحریک لبیک کے سرپرست اعلیٰ پیرافضل قادری نے نیک آبادگجرات میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت بدترین دہشتگردی ہے،بنانے والے امن کے دشمن ہیں،بازنہ آئے تو حالات کے ذمہ دارہوں گے،امت مسلمہ ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے پوری قوت ایمانی کے ساتھ کھڑی ہو۔ سربراہ تحریک لبیک پاکستان علامہ خادم رضوی نے مرکز جامع رحمت للعلمین ملتان روڈ لاھور میں بہت بڑے خطبہ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ ہالینڈ کا گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کرنا عالم اسلام کے کروڑوں مسلمانوں کے ایمان پر حملہ ہے۔انہوں نے پاکستانی فوج کے سپہ سالارجنرل قمر جاوید باجوہ سے مطالبہ کیا کہ آپ مسلمانوں کی عظیم فوج کے سربراہ ہیں اور ہر قسم کے جنگی سازوسامان سے مالا مال ہیں ان حالات میں صلاح الدین ایوبی،نور الدیں زنگی،شہاب الدین غوری،محمود غزنوی،شیر شاہ سوری، ودیگر سالاران اسلام کے نقشے قدم پرچلتے ہوے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت آبرو پر پہرہ دیتے ہوے عالم کفر کو کھلا پیغام دیں اب بہت ہو چکا اس قسم کی ناپاک بہودہ غلیظ جسارت کو ہرگز ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اور نبیؐ کی عزت پر پہرہ دیتے ہوئے ہمیں جو بھی قیمت چکانا پڑی اسکے لئے ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔علامہ خادم حسین رضوی نے کہا مسلمان امن پسند ضرور ہیں لیکن جو غیرت نبوی انکے سینوں میں موجزن ہے اسکا اندازہ ہالینڈ کے گستاخوں کو نہ ہے اور نہ انکے حامیوں کو ہے۔علامہ خادم حسین رضوی نے مزیدکہا اہل اسلام رسول اللہ صل اللہ علیہ وسلم کی عزت و آبرو پرپہرہ دینے کے لیے ہروقت ہر لمحہ تیار رہیں ورنہ عالم مدینہ فنافی الرسول حضرت امام مالک کے فرمان کے مطابق اگر امت ناموس رسالت کے معاملہ پر مداہنت کاشکار ہوگئی تو اسے ہرگززندہ رہنے کا حق نہیں رہتا ہمیں زندہ رہنے کا حق صرف اسوقت تک ہے جب تک ہم رسول اللہ کی ناموس کے محافظ اورچوکیدار ہیں ۔پشاور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدرعلامہ ڈاکٹرمحمد شفیق امینی نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت براہ راست اسلام اورایمان پرحملہ ہے۔ حکومت پاکستان فوری طورپرہالینڈ سے سفارتی تعلقات ختم کرکے سفیر کو ملک بدر کرے۔ مسلم سٹوڈنٹس آرگنائیزیشن اسلام آباد کے زیر اہتمام آبپارہ تا پریس کلب تک Loveمحمدؐ موٹر سائیکل طلبہ ریلی نکالی گی،جس کی قیادت مرکزی ناظم اعلیٰ ایم ایس او پاکستان محسن خان عباسی اور مرکزی راہنماء ایم ایس او پاکستان سردار مظہر ،ناظم پنجاب ارسلان کیانی،ناظم اسلام آباد بلال عباسی نے کی،ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ناظم اعلیٰ محسن عباسی اور مرکزی راہنماسردار مظہراورکا کہنا تھا کہ ملعون گیرٹ ولڈر کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کی تاریخ کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہیں، دہشت گردانہ کاروائی اور عالمی امن داوٴ پر لگانے کی مذموم سازش ہے۔