اردگان نے امریکہ سے اتحاد توڑنے کی دھمکی دیدی

نیویارک(امت نیوز) ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نےامریکہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے اپنے رجحانات کو تبدیل نہ کیا تو ان کا ملک نئے اتحادی اور دوست تلاش کر سکتا ہے، نیو یارک ٹائمز میں شائع اپنے مقالے میں اردگان نے کہا کہ امریکہ ترکی کے خلاف یکطرفہ فیصلوں پر نظر ثانی کرے تو بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا امریکہ کو ترکی کی بقا کا خیال رکھنا چاہیئے بصورت دیگر یہ ہمارے اتحاد کے خاتمے کا سبب بن سکتا ہے۔انہوں نے کہاامریکہ ہمارا دیرینہ اتحادی ملک ہے مگر اس نے 15 جولائی 2016 کی ناکام بغاوت کی نہ تو مذمت کی اور نہ ہی اس کے ماسٹر مائنڈ گولن کو ترکی کے حوالے کیا۔ امریکہ نے شام میں دہشت گرد کرد تنظیم پی وائی ڈی کو اسلحہ بھی دیا جو اس نے ترک،شامی اور عراقی عوام کے خلاف استعمال کیا ۔اردگان نے کہا کہ ٹرمپ کی طرف سے امریکی پادری اینڈریو برنسن کے معاملے پر کشیدگی کو ہوا دی جا رہی ہے۔ قبل ازیں ہفتے کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کے اسٹیل اور ایلومینیم پر محصول دگنا کر دیا تھا جس کے باعث ترکی کی کرنسی لیرا کی قدر میں مزید20فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ کرنسی کی قدر میں اضافے پرترک صدارتی ترجمان ابراہیم قالن نے کہا ہے کہ کسی قسم کی بلیک میلنگ ترکی کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتی۔

Comments (0)
Add Comment