کرنل شیرخان کے مزار پر منظور پشتین کا داخلہ بند

صوابی(مانیٹرنگ ڈیسک/ ایجنسیاں)پاک فوج کے شہید کیپٹن کرنل شیرخان نشان حیدر کے بھائی نے پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما منظور پشتین کو اپنے بھائی کے مزار پر حاضری سے روک دیا، منظور پشتین کو احاطے سے ہی واپس جانا پڑا۔صوابی میں منظور پشتین بھارت کے خلاف کارگل جنگ میں نشان حیدر پانے والے شہیدکرنل شیر خان کے مزار میں داخل ہونا چاہتا تھا لیکن ان کے بڑے بھائی انور شیر خان نے اسے احاطے میں ہی روکتے ہوئے کہا یہ پاک فوج کے شہید کا مزار ہے،یہاں ایسے شخص کا کوئی کام نہیں جس کی سرگرمیاں مشکوک ہیں۔ ان کا موقف تھا کہ منظور پشتین پہلے کبھی کیپٹن کرنل شیرخان شہید کے مزار پر نہیں آئے۔ واضح رہے کہ منظور پشتین اپنے جلسوں میں پاک فوج کیخلاف ہرزہ سرائی کرتا رہا ہے۔ دریں اثنا صوابی میں پاکستان زندہ باد مومنٹ کے زیر اہتمام پاک فوج کی حمایت میں ریلی نکالی گئی جو امن چوک پر جلسے کی شکل اختیار کر گئی ۔شرکاء نے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔ ریلی سے کرنل شیر خان شہید کے بھائی انور شیر خان ، سماجی کارکن سید قاسم باچا ، سہیل انور اور سید سر دار شیر باچا نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان بڑی قر بانیوں کے بعد حاصل کیا گیا جس میں ہمارے بزرگوں کی قربانیاں بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف تمام سازشیں ناکام ہو گی۔

Comments (0)
Add Comment