فیصل آباد (امت نیوز) 12 کتابوں کے مصنف رکشہ ڈرائیور کو پاک فوج نے ملازمت دے دی ہے۔ فیصل آبادکے48 سالہ فیصل ماہی نے 2015 تک 12 ناول اور100 سے زائد ڈرامے لکھے تھے۔ ان کا پہلا ناول ‘گھنگھرو اورکشکول’ 2005 میں شائع ہوا تھا، جس میں انہوں نے طوائفوں کی زندگی کے مختلف پہلوؤں اوران کیساتھ ناروا معاشرتی برتاؤ کواپنا موضوع بنایا تھا۔ انکے دیگر ناول میں گیلے پتھر، کاغذ کی کشتی، کانچ کا مسیحا، تاوان عشق ، عین شین قاف ، موم کا کھلونا، ٹھہرے پانی، میرا عشق فرشتوں جیسا، لبیک اے عشق، شیشے کا گھر اور پتھر کے لوگ شامل ہیں اوریہ تمام ناول شائع ہوچکے ہیں۔ فیصل ماہی نے2015میں13واں ناول لکھنا شروع کیا جو جلد شائع ہوگا۔ انکے7 بچے ہیں اوروہ کرایے پر رہتے ہیں۔ وہ بیروگارہونے کی وجہ سے رکشہ چلا کراپنا گزربسر کرتے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے ٹوئیٹ کی ہے کہ فیصل ماہی آئی ایس پی آر کے میگزین میں فیچراورکالم لکھیں گے۔ انہوں نے نجی ٹی وی اینکراجمل جامی کا شکریہ بھی ادا کیا، جنہوں نے ماہی کے بے روزگار ہونے سے متعلق آئی ایس پی آر کو توجہ دلائی تھی۔