اسلام آباد ( امت نیوز) ن لیگ کے قائد نواز شریف عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ڈیل کرنے کے موڈ میں نہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے بعض رہنما این آر او کی طرح کی ڈیل کے خواہشمند ہیں ۔ انگریزی روزنامہ کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف نےگزشتہ روز واضح کہہ دیا تھا کہ کوئی این آر او نہیں ہو رہا تاہم وہ یہ بھہ کہ گئے تھے کہ مذاکرات کے بغیر کام نہیں چلتے ۔ ن لیگ کے متعدد رہنما چاہتے ہیں کہ کسی طرح یہ تناو ختم ہو اور ن لیگ کے قائد این آر او کی طرح کی ڈیل کر لیں لیکں ن لیگ کے قائد اپنے موقف پرڈتے ہوئے ہیں کسی بھی قسم کی ڈیل نہیں چاہتے۔ واضح رہے کہ نواز شریف نے عدالتی فیصلہ آنے سے قبل جب صحافی نے ان سے سوال پوچھا تھا کہ اگر آپ کو جیل بھیج دیا جاتا ہے تو کیا آپ رحم کی اپیل یا کوئی ڈیل کر لیں گے تو انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ نہ وہ رحم کی اپیل کریں گے اور نہ ہی کوئی ڈیل۔ اس کے اگلے دن یعنی 10 اپریل کو احتساب عدالت کے باہر نواز شریف نے صحافیوں کو ایک لطیفہ نما واقعہ سنایا جس سے تاثرملا کہ نواز شریف اب مزاحمت کی راہ چُن چکے ہیں۔ انگریزی روزنامہ کی رپورٹ کے مطابق ن لیگ کے جتنے بھی رہنما نواز شریف سے ملاقات کیلئے جیل گئے انہیں نواز شریف نے واضح الفاظ میں کہا کہ اب وہ اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔