گھوٹکی- سکھر میں سیاہ کاری 3 جانیں نگل گئی

گھوٹکی/ سکھر (نمائندگان امت) گھوٹکی اور سکھر میں سیاہ کاری 3 جانیں نگل گئی۔ گھوٹکی میں اے سیکشن تھانے کی حدود ڈسٹرکٹ جیل کے سامنے لیبر کالونی کے رہائشی ملزم عبدالجبار ناریجو نے گزشتہ شب اپنی بیوی انیلا اور بھتیجے اسد ناریجو پر کدال سے وار کئے، جس کے بعد نوجوان اسد موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ انیلا ناریجو زخمی ہو گئی، جسے اطلاع ملنے پر اے سیکشن پولیس نے تعلقہ اسپتال منتقل کیا، جہاں سے طبی امداد دینے کے بعد تشویشناک حالت میں علاج کے لیے سکھر منتقل کیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ واردات کے بعد ملزم فرار ہو گیا۔ بعد ازاں قتل ہونے والے خاتوں اور نوجوان کی لاشں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کی گئیں۔ رابطہ پر پولیس نے بتایا کہ ملزم عبدالجبار ناریجو نے سیاہ کاری کے الزام میں دہرا قتل کیا ہے۔ واقعہ کا مقدمہ سب انسپکٹر محمد اقبال راجپوت کی مدعیت میں درج کیا گیا، ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ واقعہ میں جاں بحق ہونے اور ملزم کا تعلق جیکب آباد سے بتایا جا رہا ہے۔ دریں اثنا سکھر میں سستی بستی کے علاقے میں حبدار نے سیاہ کاری کا الزام لگا کر بیوی سکنیہ کو گلا دبا کر قتل کر دیا۔ پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی۔ جبکہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تاہم مقدمہ درج نہیں ہوا۔ مقتولہ کے والد حبیب اللہ کا کہنا ہے کہ حبدار آئے روز میری بیٹی پر تشدد کیا کرتا تھا۔

Comments (0)
Add Comment