اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت قانون نے این آر او کیس میں جواب داخل کراتے ہوئے اس معاملے سے اظہارِ لاتعلقی کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ میں این آر او کیس میں وزارت قانون نے جواب جمع کرادیا جس میں کہا گہا ہے کہ غبن کی رقم ریکور کرنے کا اختیار ہمیں حاصل نہیں کیونکہ ہمیں احتساب کا مینڈیٹ نہیں دیا گیا، جب کہ کرپشن، بے ضابطگیوں یا اختیارات کے ناجائز استعمال کیخلاف کارروائی نیب کا دائرہ کار ہے۔ جواب میں بتایا گیا کہ سوئس حکام کو آصف زرداری کے مقدمات سے دستبرداری کا خط سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم نے لکھا۔ یہ خط 8 مئی 2008 میں لکھا گیا، سپریم کورٹ کے حکم پر سوئس مقدمات دوبارہ کھولنے اور ملک قیوم کا خط واپس لینے کے لیے سوئس حکام کو 5 نومبر 2012کو خط لکھا گیا۔وزارت قانون کے جواب کے مطابق سوئس حکام نے فروری 2013 میں سوئس مقدمات دوبارہ کھولنے سے معذرت کر لی۔ سوئس حکام کے مطابق آصف زرداری کیخلاف مقدمات سوئس عدلیہ کے فیصلہ کے نتیجہ میں باضابطہ طور پر بند ہو چکے ہیں۔