سرینگر (امت نیوز)نئی دہلی کی ایک عدالت نے دختران ملت کی غیر قانونی طور پر نظر بند سربراہ آسیہ اندرابی اور اور انکی 2 ساتھیوں ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کے عدالتی ریمانڈ میں 7ستمبر تک توسیع کر دی ۔ دختران ملت کی ترجمان رفعت فاطمہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ نئی دلی کی تہاڑ جیل سے باقاعدہ طور پر عدالت میں پیش کرنے کے بجائے جیل انتظامیہ نے ویڈیو کانفرسنگ کے ذریعے عدالتی سماعت کرائی اور اس دوران جج نے انکے عدالتی ریمانڈ میں7 ستمبر تک توسیع کی۔ترجمان نے کہا کہ آسیہ اندرابی نے ویڈیو کانفرنس سماعت کے دوران جج کو اپنے اور اپنی ساتھیوں کے ساتھ تہاڑ جیل انتظامیہ کے ناروا سلوک کے بارے میں بتایا جس پر جج نے استغاثہ کو اس بارے میں16اگست کو رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی۔ ترجمان نے کہا کہ آسیہ اندرابی اور انکی ساتھیوں کے ساتھ مجرموں جیسا برتاؤ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نظر بند رہنماؤں کو طبی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی اور انہیں غیر معیاری غذا دی جاتی ہے ۔ ترجمان نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں خاص طور پر ایمنسٹی انٹرنیشنل سے اپیل کی کہ وہ نظر بند رہنماؤں کی حالت زار کا نوٹس لیں۔