ریاض (جنرل رپورٹر)سعودی عرب میں 13 پاکستانی عازمین حج کی اموات ہو گئیں۔ ایک شخص ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوا۔وزارت مذہبی امور نے عازمین حج اور سعودی عرب میں دی جانے والی سہولیات سے متعلق تفصیلات جاری کر دیں۔حکام کا کہنا ہے کہ اب تک1 لاکھ35ہزار834عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، سرکاری اسکیم کے تحت93ہزار613 اور پرائیویٹ اسکیم کے تحت42ہزار221عازمین پہنچے، سعودی عرب میں13عازمین کی اموات واقع ہو چکی ہیں، ایک شخص ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوا، تمام افراد کی مدینہ کے جنت البقیع اور مکہ کے شرائع قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں مقامی اور پاکستان سے آئے1859معاونین عازمین کی رہنمائی میں مصروف ہیں، 1597عازمین کا گمشدہ سامان ڈھونڈ کر ان کے حوالے کر دیا گیا۔ راستہ بھولنے والے 212عازمین کو ان کی رہائشگاہوں تک پہنچایا گیا۔حکام کے مطابق 252 نجی حج کمپنیوں اور سہولیات کے جائزے کیلئے76سرکاری رہائش گاہوں کی مانیٹرنگ مکمل کر لی گئی، ہیلپ لائن کے ذریعے بھی حاجیوں کی رہنمائی جاری ہے، 890کالز موصول ہوئیں،453شکایات میں سے312کا ازالہ کر دیا گیا ۔ وزارت کے مطابق پاکستانی حجاج کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے551ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر مبنی عملہ تعینات کیا گیا ہے، اب تک پاکستان حج میڈیکل مشن سے 62 ہزار299عازمین استفادہ حاصل کر چکے ہیں۔