کراچی(امت نیوز)کے سی سی اے5 باصلاحیت پیسرزکو ٹریننگ کیلیے انگلینڈ بھیجے گی، اس کا انکشاف صدر ندیم عمر نے کیا۔کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ندیم عمر نے کہا کہ کراچی میں فاسٹ بولرز کی کمی نظر آ رہی ہے،جلد ہی سابق ٹیسٹ پیسر جلال الدین کی معاونت سے پیسرزکا کیمپ لگایا جائے گا، اس میں بہتر پرفارم کرنے والے 5 کھلاڑیوں کو تربیت حاصل کرنے کیلیے انگلینڈ بھیجیں گے،اسی طرح مستقبل میں اسپنرز اور بیٹسمینوں کے کیمپس بھی لگانے کا ارادہ ہے۔ندیم عمر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایسوسی ایشن کے زیرانتظام تمام 6 اسٹیڈیمز میں پہلے نیٹ ایریاز میں فلڈ لائٹس لگائیں۔ اس سے کھلاڑیوں کو رات میں بھی پریکٹس کا موقع مل سکے گا، بعد میں لائٹس کو پورے اسٹیڈیم تک بڑھا دیا جائے گا۔کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ ہماراکے سی سی اے اسٹیڈیم کو مکمل تبدیل کرنے کا ارادہ ہے،اس میں کئی ہزار شائقین کی گنجائش رکھی جائے گی، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی طرز پر گھاس پر بیٹھ کر بھی لوگ میچز دیکھ سکیں گے۔