کارکنوں کے اصرار پر آفاق استعفیٰ واپسی پر آمادہ-آج اعلان کرینگے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے استعفیٰ واپس لینے پر رضامندی ظاہر کردی، آج پریس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق مہاجر قومی موومنٹ کے شہدا کے اہلخانہ کی جانب سے جمعے کو پریس کانفرنس میں چیئرمین آفاق احمد کو استعفی واپس لینے کیلئے دی جانے والی ڈیڈ لائن کے بعد گزشتہ صبح سے ہی مہاجر قومی موومنٹ کے کارکنان، شہدا و اسیران کے اہل خانہ سمیت عوام کی بڑی تعداد نے آفاق احمد کی رہائش گاہ واقع لانڈھی نمبر 6 میں جمع ہونا شروع کردیا اور استعفیٰ کی واپسی تک اٹھنے سے انکار کردیا۔ آفاق احمد کو اطلاع ملی تو وہ خواتین، بزرگوں، شہدا اور اسیران کے اہل خانہ سے ملنے لانڈھی پہنچ گئے اور انہیں اپنے استعفیٰ کے فیصلے پر قائل کرنے کی کوشش کی لیکن کسی نے بھی انکے استعفیٰ کی واپسی تک واپس جانے سے انکار کردیا، تاہم گھنٹوں بات چیت کے بعد بھی جمع ہونے والے افراد نے آفاق احمد کے استعفیٰ کی واپسی کے علاوہ کسی بات کو ماننے سے انکار کردیا، جس کے بعد آفاق احمد نے شہدا کے لواحقین، اسیروں کے ورثا اور بزرگوں کی منشا کے آگے سر جھکا دیا اور اپنا استعفیٰ واپس لینے پر آمادگی کرتے ہوئے آج ڈیفنس میں پریس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment