چارسدہ( نمائندہ امت)چارسدہ میں زبانی تکرار پر ماموں زاد اور پھوپھی زاد بھائیوں کی ایک دوسر ے پر اندھا دھند فائرنگ سے دو خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئےجاں بحق ہونے والوں میں ایک فریق کے تین سگے بھائی، ان کی بھابھی اور دوسرے فریق سے میاں بیوی شامل ہیں ۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین مقتولین سیکورٹی فورسز کے ملازم تھے فائرنگ کے نتیجے میں چارافراد زخمی ہوگئے ، تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے شہری علاقہ رجڑ میں ماموں زاد اور پھوپھی زاد بھائیوں کے مابین گھریلو تنازع پر زبانی تکرار ہوئی جس کے بعد دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر جدید اسلحہ سے فائرنگ کھول دی جس کے نتیجے میں فریق اول سے تین سگے بھائی احمد شاہ ، انور شاہ ، صابر شاہ پسران سیدشاہ اور مقتولین کی بھابھی مسماة ناوے گل زوجہ منور شاہ موقع پر جاسبحق ہو گئے جبکہ فریق دوم سے قلندر شاہ اور اس کی بیوی گل رخ اندھا دھند فائرنگ کے زد میں آکر زندگی کی بازی ہا ر گئے مرنے والوں میں ناوی گل نامی خاتون بھی شامل ہے ۔ واقعہ میں ایک راہگیر بچے سمیت چار افراد زخمی ہو گئے ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مقتولین میں انور شاہ پاک آرمی جبکہ ان کے بھائی احمد شاہ ائیر فورس جبکہ دوسرے فریق سے قلندر شاہ خاصہ دار فورس میں ملازم تھے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق فریقین کے مابین گھریلوتنازع چل رہا تھا جس میں کئی جرگے بھی ہوئے تھے جو کامیاب نہ ہو سکے جبکہ گزشتہ رات بھی فریقین کے مابین تنازع حل کرنے کیلئے جرگہ منعقد ہوا جو بارآور ثابت نہ ہوسکا ۔