لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)بہاولپور پولیس نے فیس بک پر پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والےشہری عبدالقیوم کیخلاف ٹیلیگراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔مقدمہ ایک شہری کی درخواست پر دائر کیا گیا ،جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف لاہور کے شہری نے اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی ہے۔درخواست راوی لنک روڈ کے رہائشی جان محمد رمضان نے تھانہ راوی روڈ میں درج کرائی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے 8اگست کے جلسے کے دوران نظریہ پاکستان کی توہین کرتے ہوئے یومِ آزادی نہ منانے کا اعلان کیا۔اپنی تقریر کے دوران مولانا فضل الرحمٰن نے پاک فوج اور چیف جسٹس کے خلاف بھی نازیبا الفاظ استعمال کئے، لہٰذا ان کے خلاف آئین کے آرٹیکل6کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ پولیس درخواست پر قانونی کارروائی سے گریز کر رہی ہے۔ مقدمہ درج نہ کرنے کی صورت میں وہ عدالت سے رجوع کرے گا۔