پہلی بار قائم مقام گورنر اسمبلی اجلاس کی صدارت کریں گے

کراچی(رپورٹ:ارشاد کھوکھر) نو منتخب سندھ اسمبلی کااجلاس طلب کرنے والے قائم مقام گورنر سندھ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایوان کے افتتاحی اجلاس کی صدارت بھی خود کریں گے۔ آغا سراج درانی 168 میں سے 165 نو منتخب اراکین سندھ اسمبلی سے نہ صرف حلف لیں گے بلکہ وہ خود بھی حلف اٹھائیں گے۔حلف اٹھانے والوں میں پی ایس 111 سے نو منتخب رکن سندھ اسمبلی عمران اسماعیل بھی حلف اٹھائیں گے ،جنہیں پی ٹی آئی گورنر سندھ نامزد کر چکی ہے ۔15اگست کو اسپیکر کا امیدوار ہونے کے باعث آغا سراج کی جگہ ایوان کی کارروائی کی صدارت کوئی سینئر ممبر کرے گا۔سیکریٹری سندھ اسمبلی غلام عمر فاروق برڑو نے امت سے گفتگو میں کہا کہ قائم مقام گورنر کی جانب سے اسمبلی اجلاس کی صدارت میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر کا چناؤ جیتنے کیلئے ضروری ہے کہ آغا سراج درانی دیگر ارکان کے ساتھ حلف اٹھائیں کیونکہ حلف اٹھانے والے ہی اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کراسکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران اسماعیل وزیر اعظم کی حلف برداری کے بعد ہی گورنر سندھ بنیں گے ۔کیونکہ گورنر کے تقرر کی سمری وزیر اعظم ہی صدر کو بھجواتے ہیں۔ پیر کو ہونے والے اجلاس میں 168 میں 165 اراکین حلف اٹھائیں گے۔ اب تک 127 جنرل نشستوں، 29 خواتین اور 9 اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹی فکیشن جاری ہو چکا ہے ۔ ان میں پی پی 97، پی ٹی آئی30، متحدہ21، جی ڈی اے13، ٹی ایل پی3،ایم ایم اے کا ایک رکن شامل ہے۔

Comments (0)
Add Comment