اردگان نے ڈالر سے چھٹکارے کی عالمی مہم شروع کردی

انقرہ(امت نیوز)ترک صدر رجب طیب اردگان نے ٹرمپ کی بلیک میلنگ کے بعدامریکی ڈالر سے چھٹکارے کی عالمی مہم شروع کر دی۔روس، چین، ایران اور یوکرائن سے مقامی کرنسیوں میں تجارت کا اعلان کرتے ہوئے ]یورپی ممالک کو بھی دعوت دے دی ہے۔ترکی کے شہر ریزا میں پارٹی ارکان سے خطاب میں اردگان نے کہا کہ ترکی معاشی جنگ سے دوچار ہے اور کرنسی کا اُتار چڑھاؤ اس اقتصادی جنگ کے ہتھکنڈے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی چین، روس، ایران اور یوکرائن سے ملکی کرنسیوں میں تجارت کرے گا جب کہ جو یورپی ممالک ڈالر سے چھٹکارا چاہتے ہیں تو ان کے لیے بھی نظام وضع کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا ترکی کسی بحران سے دوچار نہیں اور نہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچا ہے۔ اردگان کا کہنا تھا کہ شرح سود کو نچلی ترین ممکنہ سطح پر لایا جانا چاہیے کیوں کہ یہ استحصال کا آلہ ہے جو غریب کو غریب تر اور امیر کو امیر تر بنا رہا ہے۔ اس سے قبل اردگان نے غیر منصفانہ یکطرفہ کارروائیوں پر امریکہ سے اتحاد توڑنے کی دھمکی دی تھی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے محصولات بڑھانے پر ترکی کی کرنسی کی قدر کم ہوئی ہے جس پرترک صدر نے عوام سے غیر ملکی کرنسی اور سونے کو لیرا میں تبدیل کرانے کی اپیل بھی کی۔یاد رہے کہ گرفتارامریکی پادری اینڈرو برینسن کو 2016سے ترکی میں دہشت گردی اورجاسوسی پر عدالتی کارروائی سامنا ہے۔ٹرمپ نے پادری کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا اور ناکامی پر انتقامی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

Comments (0)
Add Comment