میٹرک سائنس امتحانات میں 38 فیصد طلبہ ناکام

کراچی(اسٹاف رپورٹر) میٹرک بورڈ سائنس گروپ کے امتحانات میں 38 فیصد طلبہ ناکام ہوگئے، جبکہ 16 ہزار طلبہ و طالبات اے ون گریڈ کے ساتھ کامیاب ہوئے، فاریہ آصف نے پہلی جبکہ آمنہ اقبال نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ تفصیلات کے مطابق میٹرک بور ڈ کے امسال سائنس گروپ کے امتحانات میں ایک لاکھ 59ہزار 55 طلبہ و طالبات نے رجسٹریشن کرائی تھی جن میں سے ایک لاکھ 57 ہزار 45 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے ، جن کے نتائج کے مطابق 61 ہزار 89طلبہ و طالبات فیل ہوئے ہیں جبکہ 98ہزار 834طلبہ کامیاب ہوئے ہیں ۔امتحانات میں کامیابی کا تناسب 62.13 فیصد رہا جبکہ 37.86 طلبہ فیل ہوگئے ۔ امتحان میں شریک امیدواروں میں 87374طلبہ اور71681طالبات شامل ہیں۔ کامیاب ہونے والوں میں 16239طالب علموں نے اے ون گریڈ ، 26486 نے اے گریڈ، 28630 نے بی گریڈ،21301نے سی گریڈ،5847نےڈی گریڈ اور67نے ای گریڈ حاصل کیا ہے ، ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے (ایس ایس سی) پارٹ 2 سائنس گروپ سالانہ امتحانات برائے سال 2018 کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سائنس گروپ کے مذکورہ امتحان میں کراچی پبلک اسکول بلاک6 گلشن اقبال کی فاریہ آصف نے 94 فیصد نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، ہیپی پیلس گرامر اسکول بلاک10ایف بی ایریا کی آمنہ اقبال نے 93.76 فیصد نمبرات حاصل کرکے دوسری جبکہ ناصرہ سیکنڈری اسکول ملیر کیمپس کے محمد جنید احمد نے 93.52 فیصد نمبرات کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ہے ۔میٹرک بورڈ کے نتائج دیکھنے کیلئے بورڈ کی ویب سائٹ کے علاوہ ایس ایم ایس8583 اور نئی سروس eDMC.pkپر تمام پیپرز کے نمبرحاصل کئے جا سکتے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment