کے الیکٹرک کا نظام ہلکی پھوار سے ہی بیٹھ گیا

کراچی(امت نیوز/ایجنسیاں) کے الیکٹرک کا نظام ہلکی پھوار سے ہی بیٹھ گیا، ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کر گئی ،جس کی وجہ سے آدھا کراچی اندھیروں میں ڈوب گیا ،وہیں بیشتر علاقوں میں پانی بھی بند ہوگیا ،جس کی وجہ سے شہری شدید اذیت کا شکار ہوگئے۔ جبکہ کے الیکٹرک ترجمان نے کہا ہے کہ بیشتر علاقوں میں بجلی بحال کردی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن لائن میں ٹرپنگ کے باعث آدھے سے زائد شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ ہفتہ ، اتوار کی درمیانی شب ہونے والی بارش کی ہلکی پھوار سے ہی کے الیکٹرک کا نظام بیٹھ گیا اور بارش کے بعد بجلی کی مسلسل فراہمی کے حوالے سے کے الیکٹرک کی تیاریوں کا بھی پول کھل گیا۔ کراچی کے بیشتر علاقوں میں رات گئے کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرنے کے باعث گلستان جوہر بلاک 5، ‏8، 19، 20، پی ای سی ایچ ایس بلاک 2، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال 13 ڈی، ڈیفنس فیز 2، کلفٹن بلاک 5، گارڈن، کھارادر، سولجر بازار، طارق روڈ میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جو گزشتہ روز دن تک غائب رہنے کے بعد بحال ہونا شروع ہوئی۔ متاثرہ علاقوں میں ناظم آباد، صدر، بہادرآباد، کلفٹن، کورنگی، لانڈھی، گلشن عمیر، ریس کورس اور اطراف کے علاقے بھی شامل تھے، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،وہیں بیشتر علاقوں میں پانی کی قلت بھی پیدا ہوگئی ،جس نے شہریوں کی اذیت دو چند کردی ۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرگئی تھی جس کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ہائی ٹینشن لائن کی بحالی کاعمل مکمل کیا جاچکا ہے اور شہر میں بجلی کی فراہمی جاری ہے جب کہ چند مقامات پر بجلی کی جلد بحالی کیلئے کوشاں ہیں۔

Comments (0)
Add Comment