کراچی(امت نیوز) قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ایشیا کپ میں بہترین کارکردگی کی ٹھان لی، انھوں نے کہاکہ چیمپئنز ٹرافی کی طرح اس ایونٹ میں بھی روایتی حریف بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرنا چاہیں گے۔گزشتہ روز کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرفراز نے کہا کہ ایشیا کپ میں اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، ایونٹ میں ابھی وقت باقی لیکن میں نے کھلاڑیوں کو تیاری مکمل رکھنے کی تاکید کر دی ہے، ساتھ ہدایت دی ہے کہ فٹنس پر مکمل توجہ دیں، ہم ایونٹ میں مکمل تیاری کے ساتھ حصہ لیں گے،کپتان نے کہا کہ چیمپئنزٹرافی میں فتح قصہ پارینہ بن چکی،اب ایشیا کپ میں روایتی حریف بھارت کیخلاف کامیابی کی کوشش کریں گے۔سرفراز احمد نے کہا کہ ملک میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے گراس روٹ پرکرکٹ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔