جی ڈی اے کے میر شاہ نواز خان تاحیات نااہل قرار

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سپریم کورٹ نے جی ڈی اے کے امیدوار میر شاہ نواز کی نااہلی کے خلاف درخواست خارج کرتے ہوئے انہیں تاحیات نااہل قرار دے دیا۔سپریم کورٹ میں میر شاہنواز کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت چیف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ میر شاہ نواز کے وکیل سلمان اکرم راجا نے موٴقف پیش کیا کہ الیکشن ٹربیونل نے اثاثے چھپانے پر میر شاہ نواز کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے اور سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے بھی اپیل مسترد کرتے ہوئے انہیں الیکشن سے نااہل قرار دیا ، اس لئے عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا ہے، درخواست پر نظر ثانی کی جائے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ سمجھتے ہیں جج ان پڑھ ہیں انہیں کچھ پتہ نہیں، ہائی کورٹ نے جو فیصلہ کیا درست کیا، اس طرح کے آدمی کو ہم بالکل ریلیف دینے کے لیے تیار نہیں، میر شاہ نواز کو ہمیشہ کے لیے نااہل کررہے ہیں۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ناقابل عمل باتوں پر بحث نہ کریں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ میر شاہ نواز نے 34 دکانوں کی اِنکم اثاثوں میں ظاہر نہیں کی۔ عدالت نے میر شاہ نواز کو وقت ضائع کرنے پر 50 ہزار جرمانہ کر دیا تاہم سلمان اکرم راجہ کے معافی مانگنے پر جرمانہ معاف کردیا گیا۔واضح رہے کہ سے امیدوار میر شاہنواز تالپور پی ایس 27 سے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار تھے ،الیکشن ٹربیونل نے اثاثے چھپانے پر ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے تھے۔

Comments (0)
Add Comment