اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) این اے106 فیصل آباد میں دوبارہ گنتی مکمل کرانے کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے رانا ثنا اللہ کو نوٹس جاری کردیاہے، کیس کی مزید سماعت 28 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔ حلقہ این اے106 فیصل آباد سے متعلق درخواست پر سماعت چیف الیکشن کمیشنرکی سربراہی میں بینچ نے کی۔درخواست گزار پی ٹی آئی امیدوار نثار جٹ کی جانب سے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ انہوں نے موقف اپنا یا کہ نثار جٹ نے ایک لاکھ37 ہزار79 ووٹ حاصل کیے جبکہ مدمقابل امیدوار راناثنااللہ نے ایک لاکھ63ہزار10ووٹ لیے،ہماری دوبارہ گنتی کی درخواست پرآر او نے پولنگ اسٹیشن نمبر1سے27تک کھولے،نثارجٹ کے حاصل ووٹ میں جیت کا فرق 25 ہزار 31 ووٹ کاہے جبکہ حلقے میں 5 ہزار سے زائد ووٹ مسترد ہوئے۔وکیل نثار جٹ کا مزید کہنا تھا کہ ری کاونٹنگ میں نثارجٹ کے 96 ووٹ بڑھے اور پوسٹل بیلٹ کی گنتی میں بھی نثارجٹ کو 271 ووٹ ملے،ووٹ بڑھنے کے باوجود آراو نے مزیدپولنگ سٹیشن کی ری کائونٹنگ روک دی،درخواست ہے ریٹرننگ افسرکا فیصلہ مسترد کرکے دوبارہ گنتی مکمل کرائی جائے۔جس پر الیکشن کمیشن نے رانا ثنا اللہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 28اگست تک ملتوی کر دی۔