اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کے استعفے منظور کراتے ہوئے نشستیں خالی قرار دے دیں ۔حکام الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کااین اے 35،53،131 اور 243 سے استعفیٰ منظور کر لیا گیا ہے اورانہوں نے این اے 95 میانوالی کی سیٹ رکھنے کافیصلہ کیاہے۔مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے این اے 132لاہور کی سیٹ رکھنے کافیصلہ کیا ہے اورشہبازشریف کاپی پی 164اور 165سے استعفیٰ منظورکرلیا گیا ہے۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق)کے رہنما پرویزالہیٰ نے پی پی 30گجرات کی نشست رکھنے کافیصلہ کیااس لئے چودھری پرویزالہیٰ کااین اے 65 اور 69 سے استعفیٰ منظورکرلیا گیا ہے جبکہ سابق وزیراعلی خیبر پختون خوا پرویزخٹک نے این اے 25 کی نشست رکھنے کافیصلہ کیا ہے۔الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 8 اور صوبائی اسمبلیوں کی 5 نشستیں خالی قرار دے دیں۔الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں حلف برداری کے بعد اراکین کی جانب سے چھوڑی جانے والی نشستیں خالی قرار دے دیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق این اے 35 بنوں، این اے 124 لاہور، این اے 63 راولپنڈی، این اے 65 چکوال، این اے 69 گجرات، این اے 131 لاہور، این اے 53 اسلام آباد اور 243 کراچی خالی قرار دے دی گئی ہیں۔غلام سرورخان نے این اے 59 سے حلف اٹھایا اور این اے 63 سے استعفی دیا۔پرویز الہیٰ نے پی پی 30 اپنے پاس رکھی، این اے 65 اور 69 سے استعفیٰ دے دیا۔این اے 124 سے حمزہ شہباز مستعفی ہو گئے اور عمران خان نے این اے 35، 53، 131 اور 243 سے استعفی دے دیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کی نشستوں پی پی 164 اور پی پی 165 سے استعفیٰ دیا۔علی امین گنڈا پور پی کے 97 سے مستعفی ہوئے جب کہ امیر حیدر ہوتی پی کے 53 سے مستعفی ہوئے۔سابق وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک پی کے 61 اور پی کے 64 سے مستعفی ہو گئے۔