نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے نجوت سنگھ سدھو کو پاکستان کا ویزہ مل گیا، دوسری جانب بھارتی میڈیا کی جانب سے بھارتی کرکٹروں کو پاکستان آنے پر غدار کا لقب دیا جا رہا ہے۔ عمران خان کی بطور وزیراعظم تقریب حلف برداری میں سنیل گواسکر کی عدم شرکت پر بھارتی میڈیا نے منفی پروپیگنڈا شروع کردیا۔ تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹرز سنیل گواسکر، کپل دیو اور نجوت سنگھ سدھو کو مدعو کیا گیا۔ نجوت سنگھ سدھو نے 18اگست کو ہونے والی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے اورانہیں پاکستان کا ویزہ مل گیا ہے۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل اقبال کو ٹیلیفون کرکے کردی ہے۔ دوسری جانب سنیل گواسکر نے پیشہ وارانہ مصروفیات کے باعث شرکت سے معذرت کی ہے، انہوں نے کہا کہ وہ انگلینڈ میں کمنٹری کر رہے ہیں جس کے باعث تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کر سکتے۔ سنیل گواسکر کی جانب سے تقریب میں عدم شرکت پر بھارتی میڈیا نے منفی پروپیگنڈا شروع کردیا ہے اور کئی چینلز نے کہا کہ سنیل کے لیے ’دوست سے زیادہ دیش‘ اہم ہے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری سے سوال کیا گیا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے بھارتی کرکٹروں کو پاکستان آنے پر غدار کا لقب دیا جارہا تواس کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ روز بھارتی کرکٹ ٹیم نے ایک کرکٹ بیٹ سائن کرکے عمران خان کو بھیجا تھا تو اس طرح ان کی پوری کرکٹ ٹیم ہی غدار وطن ہوگئی۔