جشن آزادی پر کراچی فائرنگ -آتش بازی سےایک جاں بحق-9زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جشن آزادی کی خوشی میں ہونے والی ہوائی فائرنگ اور آتشبازی سے شہر دھماکوں سے گونج اٹھا، فائیو اسٹار چورنگی پر آتش بازی کے دوران ایک شخص جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے، دیگر علاقوں میں جشن آزادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں گولیاں لگنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر رات 12 بجتے ہی آتش بازی کا مظاہرہ شروع ہوگیا، جسے دیکھنے کیلئے پل پر کھڑے 7 افراد جھلس گئے، جنہیں عباسی اسپتال پہنچایا گیا جہاں پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 30 سالہ ثمر ولد شبیرچل بسا۔ پولیس کے مطابق متوفی اور زخمی افراد فائیو اسٹار چورنگی پر واقع پل پرکھڑے آتش بازی دیکھ رہے تھے کہ اچانک پل کے نیچے سے آتش بازی شروع ہوگئی جس کی زد میں آکر وہ زخمی ہوگئے ۔ دوسری جانب ناظم آباد نمبر 1پیٹرول پمپ پر کھڑا 40 سالہ سہیل نامعلوم سمت سے آکر لگنے والی گولی سے زخمی ہوگیا۔ بغدادی کے علاقے لیاری سلاٹر ہاؤس کے ایم سی اسپتال کے قریب 20 سالہ محمد نواز ولد محمد ایاز آندھی گولی کا نشانہ بنا۔ شیر شاہ میں نامعلوم سمت سے آکر لگنے والی گولی سے 50 سالہ اشرف ولد اللہ بخش زخمی ہوگیا۔ تمام زخمیوں کو عباسی اور سول اسپتال پہنچایا گیا۔

Comments (0)
Add Comment