راولپنڈی/لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک/خبرایجنسیاں) پنجاب میں شدید بارشوں سے سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا،محکمہ موسمیات نےاگلے36 گھنٹے کا الرٹ جاری کر دیا۔حالیہ بارشوں کے بعد دریائے جموں توی میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔85سے زائد دیہات کا شہرسےزمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ مرکزی سڑک سے سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔ سینکڑوں ایکڑ زرعی رقبہ زیر آب آ چکا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق دریائے چناب سےاگلے 36گھنٹے میں بڑا سیلابی ریلا گزرے گا۔ہیڈ مرالہ، ہیڈخانکی اور ہیڈ قادر آباد ریلے کی زد میں آئیں گے۔دوسری جانب جڑواں شہروں اسلام آباد اور راول پنڈی میں تیز بارش کی وجہ سے راول ڈیم ایک مرتبہ پھر بھر گیا ہے۔ پیر کو راول ڈیم سے پانی کی سطح کم کرنے کے لیےاسپل ویز کو رواں ہفتےدوسری بار کھولا گیا تھا۔راول ڈیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈیم میں پانی کی سطح 1752فٹ پہنچنے کی وجہ سے اسپل ویز کھولے گئے تاہم اب بھی ڈیم میں پانی کی آمد اخراج سے زیادہ ہے۔پیر اور منگل کی شب مزید بارش سے ڈیم کی سطح پھر بلند ہو گئی۔ سب سے زیادہ 95ملی میٹر بارش جہلم میں ریکارڈ کی گئی، راولپنڈی میں 91اسلام آباد 76،منڈی بہا الدین55، سیالکوٹ 40،منگلا 23،مری20،گجرات17، لاہور 06،کوٹلی39،گڑھی دوپٹہ27،راولاکوٹ06، بالاکوٹ67،پاراچنار13،بنوں11،سکردو04 اور استور میں 02ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بدھ کواسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ڈی آئی خان، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، بنوں ڈویژن، اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسکردو( نمائندہ امت) گلگت بلتستان میں سیلاب نے تباہی مچا دی ۔شگر کے علاقے گلاب پور میں 8گھر زد میں آ کر مکمل تباہ جبکہ 30گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ۔پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ لوگوں نے بھاگ کر جان بچائی ۔ضلعی انتظامیہ نے ایمرجنسی نافذ کر دی۔حلقہ پٹوار کو نقصانات کا فوری طور پر رپورٹ مرتب کرنے کا حکم دیدیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ضلع شگر کے علاقے گلاب پور میں گزشتہ شب ہونے والی موسلادھار بارش کی وجہ سے2 گاؤں شوپا اور غورو کھور سیلاب آ گئے جس کے باعث 8گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے جبکہ 30کو جزوی نقصان پہنچا۔بتایا جاتا ہے کہ اس وقت بھی سیلاب کا پانی آ رہا ہے اور گھروں میں داخل ہو رہا ہے تاہم لوگوں کی جانب سے پانی کا رخ موڑ کر گھروں کو مزید نقصان سے بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر شگر نے علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی اور متعلقہ اداروں کو امدادی کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔مقامی پولیس نے جائے حادثے پر پہنچ کر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ سیلاب کی وجہ سے گھروں کاسامان بھی ڈوب گیا اور ہزاروں کنال اراضی پر کاشت آلو کی فصل بھی برباد ہو گئی۔