واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اگلے مالی سال کے لیے 716 ارب ڈالر کے ریکارڈ دفاعی بجٹ کی دستاویز پر دستخط کر دیئے ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اگلے مالی سال کے لیے 7 سو 16ارب ڈالر کے ریکارڈ دفاعی بجٹ کی دستاویز پر دستخط کر دیئے ہیں۔ امریکی صدر نے اس بجٹ کو جدید امریکی تاریخ کی اہم ترین سرمایہ کاری قرار دی ہے۔ امریکی سینیٹ نے رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں دفاعی بجٹ کی منظوری دی تھی۔امریکی دفاعی بجٹ محض دفاعی ضروریات کو پورا نہیں کرتا بلکہ خطے کی اہم دفاعی پالیسیوں کا آئینہ دار بھی ہوتا ہے۔ رواں برس روایتی دفاعی بجٹ میں کافی تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے دفاعی بجٹ کو ’نیشنل ڈیفنس آتھورائزیشن ایکٹ کے نام سے بل کی صورت میں سینیٹ میں پیش کیا گیا تھا۔ یہ بل 10کے مقابلے میں 87ووٹوں سے منظور کر لیا گیا تھا۔اس بار دفاعی بجٹ میں امریکا نے پاکستان کے لیے فوجی امداد کی مد میں مختص رقم 75کروڑ ڈالر میں کمی کرتے ہوئے 15کروڑ ڈالر کر دی ہے جب کہ دفاعی پالیسیوں میں امریکا کا بھارت کی جانب جھکاؤ واضع نظر آ رہا ہے۔دفاعی بجٹ میں امریکی فوج کے پرانے ٹینکوں، جنگی طیاروں اور پرانے بحری جہازوں کی جگہ زیادہ جدید ماڈلز کی تیاری کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ امریکی فوجیوں کی تنخواہوں میں 2.6فیصد اضافے کے علاوہ فوجی دستوں میں اضافے کے لیے 15ہزار 6سو نئے فوجیوں کو شامل کیا جائے گا۔