ریاض (اے پی پی) دنیا بھر سے آنے والے فرزندانِ توحید کی حج کے لیے مکہ مکرمہ میں آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی نے مسجد الحرام کے روح پرور مناظر کی تصویر کشی کی ہے۔عازمینِ حج مسجد الحرام میں بیت اللہ کا طواف کررہے ہیں۔ وہ مطاف ، مسجد کے دالان اور برآمدوں میں ہر کہیں نظر آرہے ہیں اور عبادت و ریاضت میں مصروف ہیں۔دریں اثناء سعودی عرب کے حج انتظامات کے ذمے دار سرکاری اداروں اور ایجنسیوں کے اہلکار دنیا بھر سے آنے والے عازمین کو ہر طرح کی سہولت بہم پہنچانے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ وہ مکمل یک سوئی اور اطمینان کے ساتھ مناسکِ حج اور دوسرے فرائض ادا کرسکیں۔دریں اثنا حجاج کی دینی رہنما ئی کیلئے مفت ہیلپ لائن قائم کر دی گئی ، 128علماء و مبلغین رہنمائی کیلئے مقررکئے گئے ہیں۔ عازمین حج ہیلپ لائن 8002451000پر 24گھنٹے کسی بھی دینی معاملے پر مستند علما سے رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں، عازمین حج کی رہنمائی کے لیے 81علما کو مکہ معظمہ اور 47کو مدینہ منورہ میں متعین کیا گیا ہے ۔ علما سے رابطے کے لیے7 رکنی انتظامی اور تکنیکی ٹیم تشکیل دی گئی جو حجاج کرام کی طرف سے رابطے کے لیے ان کی مدد کرے گی۔واضح رہے کہ 20اگست کو یوم عرفہ ہوگا اور حجاج کرام میدان عرفات میں حج کا رکنِ اعظم وقوف ادا کریں گے۔سعودی عرب میں عید الاضحیٰ 21اگست کو منائی جائے گی۔