کراچی (اسٹاف رپورٹر) جشن آزادی کے سلسلے میں ہوائی بم پھٹنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا، جبکہ مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے بچے اور خاتون سمیت 16افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جشن آزادی کےسلسلے میں فائیو اسٹار چورنگی پر ہونے والی آتش بازی دیکھنے کیلئے کچھ نوجوان گرین بس پل پر کھڑے تھے کہ چلایا گیا ہوائی بم پل پر کھڑے 22سالہ سر مست ولد شبیر سے ٹکرا کر دھماکے سے پھٹ گیا۔ سر مست کو اسپتال پہنچایا گیا، جہاں وہ چل بسا۔ایس ایچ او ارشد جنجوعہ نے بتایا کہ متوفی سائٹ ایریا میٹروول کا رہائشی تھا اور دوستوں کے ساتھ آتش بازی دیکھنے آیا تھا۔ مختلف علاقوں میں جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ سے کمسن بچے اور خاتون سمیت 16 افراد زخمی ہوگئے، جن علاقوں میں فائرنگ سے کمسن بچہ، خاتون سمیت دیگر افراد زخمی ہوئے ان میں پی آئی بی کالونی، جمشید روڈ، بلدیہ سعید آباد، لیاری، آئی سی آئی پل، جونیجو ٹاؤن، بفر زون، کورنگی، سعود آباد، شاہ فیصل کالونی، سچل، عظیم پورہ، کینٹ اسٹیشن، ناظم آباد شامل ہیں۔ ہوائی فائرنگ زخمیوں8 سالہ عاقب، 26سالہ قربان، 22سالہ میر علی، 27سالہ وقاص احمد، 22سالہ رضوان، 25سالہ فرمان، 55 سالہ سہیل، 18سالہ نعمان، 30سالہ آصف، 29سالہ ذلیخا، 12سالہ سمیر ولد محمد یونس، 19سالہ احمد ولد اعجاز، 35سالہ محمود ولد انوار، 35سالہ حسن ولد عارف، 18 سالہ عبدالواحد ولد حضرت گل، 40سالہ اشرف ولد اللہ بخش کو نجی اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔