یکہ غنڈ۔کوئٹہ (نمائندہ امت۔خبرایجنسیاں )مہمند ضلع کے لوئر سب ڈویژن میں سیکورٹی فورسز نے یوم آزادی پر ضلع مہمند میں تباہی کی کوشش کو نا کام بنا دیا۔تفصیلات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے مہمند کے لوئر سب دویژن کے علاقہ بنگلو نمبرون کے مختلف علاقوں کے جنگلات میں آپریشن کیا۔آپریشن میں ایف سی کے سوات اسکاوٹس کے 212ونگ نے حصہ لیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق آپر یشن کے دوران جنگلات سے اینٹی ائیرکرافٹ گن کے گولے اور دیگر اسلحہ وگولہ بارودبرآمد کیا گیا،ایف سی ذرائع کے مطابق یہ علاقہ خطرناک دہشتگرد قاری احتشام کے مرکز سے متصل ہے آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا گیا برآمدکیا گیا اسلحہ اور گولہ بارود یوم آزادی کی تقاریب سبوتاژ کرنے کے لئے لایا گیا تھا سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے علاقے کو بڑی تباہی سے بچالیا ۔ادھربلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے قومی شاہراہ پر سڑک کنارے نصب بم برآمد کرلیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور بم کو دھما کے کے ذریعے ناکارہ بنا دیا ،بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق بم میں6سے 8کلو گرام بارودی مواد نصب کیا گیا تھا ۔