کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) یوم آزادی پر پاک فوج کے زیر اہتمام جشن آزادی ہیوی بائیک ریلی منعقد کی گئی جسمیں کوئٹہ بائیکر ایسوسی ایشن عہدیداروں اور نوجوانوں نے حصہ لیا جبکہ مستونگ سے استحکام پاکستان ریلی نکالی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے زیر اہتمام جشن آزادی ہیوی بائیک ریلی منعقد کی گئی جس میں کوئٹہ بائیکر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور نوجونوانوں نے حصہ لیا ریلی کے شرکاء نے ہیوی بائیک پر پاکستانی پرچم آویزاں کر رکھیں تھے عسکری چیک پوسٹ سے شروع ہونیوالی ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پولو گراؤنڈ کے مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ریلی کے شرکاء نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے کہا ہے کہ آج تجدید عہد کا دن ہے، اس ریلی کا مقصد دنیا کو باور کرانا ہے کہ پاکستانی پرامن قوم ہے اور پوری قوم ایک سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے متحد ہو کر پرامن طریقے سے زندگی بسر کر رہی ہے۔ علی گل احمد ،فرید ترین اور دیگر نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے کوئٹہ ہیوی بائیکر ایسوسی ایشن بنائی ہے جس میں تمام پڑھے لکھے نوجوان شامل ہے۔اسی طرح یوم مستونگ سے نکالی جانیوالی استحکام پاکستان ریلی کوئٹہ پہنچ گئی ریلی کے شرکاء نے 3 کلو میٹر طویل قوم پرچم اٹھا رکھا تھا۔ ریلی سریاب روڈ سے ہوتی ہوئی زرغون روڈ پہنچی، ریلی میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جبکہ ریلی کے راستوں پر جشن کا سماں رہا، ملی نغموں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ یہ ریلی ملی مسلم لیگ کے زیر اہتمام نکالی گئی تھی جس میں نوابزادہ میر سراج رئیسانی شہید کے لوگ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔