کراچی؍اسلام آباد(نمائندگان امت)ملک بھر میں 71واں جشن آزادی پورے جوش و جذبے اور ملک کو خوشحال و پرامن بنانے کے عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا۔ملک بھر میں پرچم کشائی کی قاریب کا انعقادہوا۔ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوئی۔اس موقع پر صدر ممنون حسین،نگران وزیراعظم ناصر المک،تینوں مسلح افواج کے سربراہان، غیر ملکی سفیر اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔ صدر اور وزیراعظم نے سبز ہلالی پرچم لہرایا۔پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔مزار قائد پر قائم مقام گورنر آغا سراج درانی، نگران وزیراعلی فضل الرحمان، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، میئر کراچی ،نامزد وزیر اعلی مراد علی شاہ کے علاوہ متحدہ کے ڈاکٹر فاروق ستار اور عامر خان ،چیف اور دیگر نے حاضری دی ۔دن کا آغاز وفاقی دارلحکومت میں 31جبکہ صوبائی میں 21توپوں کی سلامی سے ہوا۔واہگہ بارڈ ر پر پنجاب رینجرز نے یوم آزادی کی خوشی میں بی ایس ایف کو مٹھائی پیش کی ۔افغان سرحد پر پاکستان کی جانب سےافغان حکام کومٹھائی اور گلدستے پیش کئے گئے ۔محکمہ صحت سندھ کے ماتحت سول ، جناح اور لیاری جنرل سمیت دیگر اسپتالوں میں پرچم کشائی کی گئی ۔اس موقع پر مریضوں میں مٹھائیاں اور بچوں میں کھلونے و تحائف تقسیم کئے گئے۔ جامعہ کراچی سمیت سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں بھی تقاریب منعقد ہوئیں ۔