کراچی (اسٹاف رپورٹر) جشن آزادی منانے والے 2 نوجوانوں کو گاڑی نے کچل دیا،جبکہ دیگر حادثات میں خاتون سمیت 15 افراد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اختر کالونی گولڈ مارک سگنل پرنامعلو م گاڑی نے قومی پرچم بردارموٹرسائیکل سوار 2 نوجوانوں کوصبح ناصراور شاہد کو کچل دیا اورڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا ۔ڈیوٹی افسر غلام مصطفی کے مطابق متوفیان کورنگی ناصر کالونی کے رہائشی تھے اور آزادی کا جشن منانے نکلے تھے۔سپرہائی وے چاکر ہوٹل کے قریب گا ڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ماں بیٹا شدید زخمی ہوگئے ، رضا کاروں نے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا ،جہاں صفیہ زوجہ غلام حسین نے دم توڑ دیا ۔اسی علاقے میں جمالی پل پر گاڑی کی ٹکر سے نامعلوم شخص جاں بحق اوردوسرا زخمی ہوگیا ،جس کا نام اجمل معلوم ہوا ہے ۔لاش شناخت کیلئے سرد خانے میں رکھوادی گئی ہے ۔گلشن حدید میں گاڑی نے ٹکر مار کر صدام کی جان لے لی ۔خداکی بستی کے قریب گاڑی کی ٹکر سے نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا۔ بفرزون نمک بینک کے قریب گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 50سالہ معین الدین ولد منان جاں بحق ہوگیا۔ سہراب گوٹھ پل کے نیچے گاڑی کی ٹکر سے 23سالہ فرحان ولد شاہین جاں بحق ہوگیا ۔اورنگی ٹاؤن اسلام چوک کے قریب نامعلوم شخص گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہو گیا۔ الآصف اسکوائر ٹرمینل کے پاس نامعلوم شخص گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا ۔سجن گوٹھ میں گھر کے اندر کام کرنے کے دوران کرنٹ لگنے سے 16سالہ فیصل جاں بحق ہوگیا۔ منگھوپیر چنگی کے قریب چھت سے گر کر 40سالہ مطور ولد عبدالرحمان ہلاک ہوگیا ۔ اسٹیل ٹائون چورنگی کے قریب گاڑی نے سڑک عبور کرنیوالے راہگیر قیصر آفریدی کو کچل کر ہلاک کر دیا متوفی مظفر آباد کالونی لانڈھی کا رہائشی تھا۔