کراچی(اسٹاف رپورٹر) عزیز آباد میں گتہ بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ عزیز آباد کے علاقے بھنگوریہ گوٹھ بلاک 8 سندھی اسکول کے عقب میں واقع گتہ بنانے والی فیکٹری میں بدھ کی شب اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری میں موجود گتے اور گتہ بنانے والی مشینوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی تین گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ایس ایچ او وقار قیصر نے بتایا کہ آگ فیکٹری بند ہونے کے بعد شارٹ سرکٹ ہونے کے باعث لگی تھی۔ فیکٹری انتظامیہ کے مطابق آگ سے لاکھوں روپے مالیت کا گتہ اور مشینیں جل کر خاکستر ہوئی ہیں۔