جامشورو کونسل میں پی پی ارکان نے فارورڈ بلاک بنا لیا

کوٹری (نامہ نگار) ضلع کونسل جامشورومیں پیپلز پارٹی کے ارکان نے فارورڈ بلاک قائم کر لیا، وائس چیئرمین کی موجودگی میں بجٹ اجلاس کونسل ممبر کے سپرد کیا گیا۔ جسے وائس چیئرمین نے غیر قانونی قرار دیتے ہوئے بائیکاٹ کر دیا، اور عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں وائس چیئرمین صادق شورو نے شورو ہاؤس کوٹری میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع کونسل جامشورو کے بجٹ اجلاس کی انکی موجودگی کے باوجود صدارت کونسل ممبر کررہا تھا جبکہ انکی وائس چیئرمین کی کرسی بھی ہٹا کر انکو ایوان میں ممبران کے ساتھ بیٹھنے کو کہا گیا جس پر انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے مذکورہ عمل کو غیر قانونی قرار دیا اور اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کیلئے کورم پورا نہ ہونے کے باوجود اجلاس کو جاری رکھا گیا44ممبران میں سے صرف 20ممبران نے شرکت کی جبکہ متعدد ممبران کو اطلاع بھی نہیں دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل جامشورو میں غیر قانونی اکاؤنٹنٹ آفیسر کی پوسٹ پر پرویز حنیف بلوچ کو بٹھا رکھا ہے جبکہ 18مئی کو شرف الدین چانڈیو کو اکاؤنٹ آفیسر ضلع کونسل جامشورو تقرر کیا گیا تھا مگر چیف کونسل آفیسر نے جان بوجھ کر جوائننگ نہیں دی جس پر دوبارہ 8اگست کو لیٹر لکھ کر ہدایت دی گئی کہ آرڈر پر عملدرآمد کرایا جائے مگر چیف کونسل آفیسر نے ہنوز کوئی عمل نہیں کیا اورمن پسند اکاؤنٹ آفیسر سے غیر قانونی طور پر بجٹ بنوا کر ایوان میں پیش کیا ہے جس میں متعدد غلطیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی اجلاس اور بجٹ پیش کرنے پر وہ ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے اور بجٹ کےخلاف حکم امتناعی حاصل کرکے قانونی جنگ لڑیں گے۔

Comments (0)
Add Comment