اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے تندور سے ملنے والے فارم 46 سمیت دیگر انتخابی دستاویزات کو”ردی اور فالتو” قرار دے دیا اور اپنے ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کا تمام حساس پولنگ ریکارڈ پاک فوج کی نگرانی میں اسٹرانگ رومز میں جمع کردیا گیا ہے جس کی مکمل حفاظت کی جاتی ہے اور اس کا عوام تک پہنچنے کا کوئی امکان نہیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل میڈیا میں خبریں سامنے آئی تھیں کہ اسلام آباد میں تندور کی دکان پر فارم 46 اور دیگر انتخابی مواد روٹی پر لپیٹ کر دیا جارہا ہے۔ بدھ کو جاری بیان میں الیکشن کمیشن حکام نے کہا کہ ’ردی میں بیچا گیا ریکارڈ حساس اور اہم نہیں تھا‘۔ ڈی آر او، آر او اور پولنگ افسران کی تربیت اسکولوں اور کالجوں میں ہوئی، مذکورہ فارم بڑی تعداد میں 400اسکولوں میں بھجوائے گئے تھے۔تربیت کے بعد انتخابی عملہ اس طرح کی دستاویزات اسکولوں میں ہی چھوڑ کر چلا گیا۔کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابات کے سلسلے میں متعلقہ عملے کی تربیت نہ صرف زبانی طور پر کی جاتی ہے بلکہ عملی اور تجرباتی طور پر بھی ان کی ٹریننگ کی جاتی ہے، یہ فارم اسی سلسلے میں جاری کیے جاتے ہیں اور انہیں فالتو ہی تصور کیا جاتا ہے۔