انقرہ (امت نیوز) ترک شہریوں نے اپنے پاس رکھے لاکھوں امریکی ڈالر جلا دیئے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ترک ایلومینیم اور اسٹیل مصنوعات پر درآمدی ڈیوٹی دگنا کرنے کے اعلان سے لیرا کی شرح مبادلہ میں ریکارڈ گراوٹ کو ترکوں نے ملکی معیشت پر حملہ تصور کیا ہے۔ترک صدر رجب طیب اردگان نے بھی امریکی اقدام کو ملکی معیشت پر امریکہ کا دانستہ حملہ قرار دیتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے پاس رکھے ڈالرز کو لیرا میں تبدیل کرالیں۔اردگان کی اپیل پر ملک بھر میں بینکوں کے باہر ڈالر تبدیل کرانے والوں کی بھیڑ لگ گئی۔ ہزاروں افراد نے اپنے پاس رکھے لاکھوں ڈالرز جلا دیئے۔ اس ضمن میں سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہوچکی ہیں۔ ان ویڈیوز میں ترکوں کو سگریٹ لائٹرز، چولہوں اور بھٹیوں میں ڈالر جلاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ بعض لوگ ڈالر زمین پر پھینک کر پاؤں سے روندتے دیکھے گئے، جبکہ کچھ افراد نے ڈالر پر تھوکنے کے بعد اسے جلایا۔ ترک عوام کی جانب سے امریکہ کے ساتھ نفرت کے اظہار نے ثابت کر دیا کہ وہ اپنی آزادی، قومی خود مختاری اور ملک کی کرنسی کے کس قدر اہمیت دیتے ہیں۔