کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے نائن زیرو کے سابق سیکیورٹی انچارج منہاج قاضی کے خلاف چائنا کٹنگ اور زمینوں پرقبضے ،شہریوں سے 32 کروڑ بٹورنے سے متعلق پلی بارگین کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔بد ھ کو سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی جہاں نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ملزم شعیب سمیت تمام ملزمان نے پلی بارگین کی دوسری درخواست دی ہے، ملزم کے وکیل نے کہاکہ نیب کی جانب سے پلی بارگین کی درخواست پر تاحال جواب موصول نہیں ہوا،کے ڈی اے کو این او سی کے لیے لکھا تھا وہاں سے بھی جواب نہیں ملا، عدالت کا کہنا تھا کہ ملزمان کو 2016سے ریلیف دے رہے ہیں، ملزمان کو دیا گیا ریلیف ضرورت سے زیادہ ہے۔ عدالت نے 20ستمبرتک پلی بارگین سے متعلق تفصیلات طلب کر لیں۔ علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ نےمحکمہ اسمال انڈسٹریز میں بھرتیوں کے خلاف نیب کو20ستمبر تک انکوائری مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔محکمہ اسمال انڈسٹریز میں بھرتیوں سے متعلق نیب انکوائری کے خلاف مقدمہ کی سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی سماعت کے موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما رؤف صدیقی عدالت میں پیش ہوئے۔سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی لیاقت جتوئی کی درخواست ضمانت پرنیب حکام کو جواب جمع کرانے کے مزید مہلت دیدی ہے۔