دیامرحملوں کے4سہولت کاروں سمیت 19گرفتار

دیامر ؍ چلاس( مانیٹرنگ ڈیسک) دیامر میں سکولوں پر حملوں میں ملوث 4سہولت کاروں سمیت 19 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق دیامر کے مقامی عمائدین نے اسکول حملوں میں ملوث 15 ملزمان کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیا۔ ایس پی دیامر محمد اجمل کا کہنا تھا کہ مشتبہ افراد اسکولوں کو جلانے کے واقعے سمیت دیگر دہشت گردی کے واقعات میں مطلوب تھے۔ مبینہ ملزمان نے دیامر کے پہاڑوں پر ہونے والے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران خود کو مقامی عمائدین اور پولیس کے حوالے کیا۔انہوں نے کہا کہ سرچ آپریشن کو مزید ملزمان کی گرفتاری تک جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ادھر چلاس میں دیامر جرگے کی کوشش سے اسکول حملوں میں ملوث 4 سہولت کاروں نے گرفتاری دے دی۔ رہنما دیامر گرینڈ جرگہ کا کہنا ہے کہ جلد دیگر ملزمان کو بھی حکومت کے حوالے کر دیا جائے گا۔یاد رہے کہ 3 اور 4 اگست کی درمیانی شب گلگت بلتستان میں نامعلوم شرپسندوں نے رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 12 گرلز سکول نذر آتش کر دئیے تھے۔بعد ازاں 2مزید اسکول بھی خاکستر کئے گئے۔4 اگست کو چیف جسٹس آ میاں ثاقب نثار واقعات کا ازخود نوٹس لیا تھا۔دوسری جانب تعلیم دشمن عناصر کی کارروائی کے خلاف دیامر کے صدیق اکبر چوک پر شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اسے بچوں کے روشن مستقبل پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات افسوسناک اور ناقابل قبول ہیں۔

Comments (0)
Add Comment