-اسٹیل مل کرپشن میں رکاوٹ بننے والے افسران سائیڈلائن

کراچی (رپورٹ:ایس ایم انوار) سربراہ سے محروم پاکستان اسٹیل مل میں ٹرانسفر پوسٹنگ کا کھیل جاری ہے۔ قائمقام پرنسپل ایگزیکٹو آفیسر نصرت اسلام بٹ نے کئی ذمہ دار افسران سائیڈ لائن کرکے اہم پوسٹوں پر من پسند افسران لگادیئے۔ جبکہ بیشتر کو اس کا کوئی تجربہ بھی نہیں ہے۔ ورکنگ ارینجمنٹ کے عنوان سے جاری ہونے والے میمورنڈم نمبرNo.Admin (Org)Misc-300(c)/2018/771 کے مطابق ٹاوٴن شپ ڈپارٹمنٹ کے انچارج اے ڈی سی ای محمد یونس ابڑو کا تبادلہ سول مینٹیننس ڈپارٹمنٹ میں کردیا گیا ہے۔ جبکہ انکی جگہ ایک چہیتے انچارج PW&SSایس ای شوکت خان کو انچارج ٹاوٴن شپ بنایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ یونس ابڑو نے ہفتہ بازاروں اور کئی اسکولوں کا ماہانہ کرایہ برسوں سے ہڑپ ہونے کی نشاندہی کی تھی۔ لیٹر کے مطابق پاور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک پی ڈی این کے انچارج اے ڈی سی ای عبدالقدوس کو بھی PW&SSڈپارٹمنٹ میں ٹرانسفر کردیا گیا ہے جبکہ انکی جگہ بھی ایک چہیتے ایس ای انچارج ریلوے چوہدری محمد اکرم کو پی ڈی این کا انچارج لگایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ مہینہ بھر پہلے پی ڈی این سے انچارج بلنگ عبدالودود خان کو بھی غیر اہم شعبے میں ٹرانسفر کردیا گیا تھا جبکہ ان دونوں افسران عبدالقدوس اور عبدالودود خان نے پی ڈی این کے کرپٹ مافیا کو لگام ڈال کر کرپشن کے دروازے بند کیے بلکہ ادارے کی بلنگ ریکوری بھی بہتر بنادی تھی۔ حکام نے اعجاز علی ایس ای کو PP&Cڈپارٹمنٹ سے ٹرانسفر کرکے ریلوے ڈپارٹمنٹ کا انچارج لگادیا ہے۔ ایڈمنسٹریشن اینڈ پرسونل سے ورکنگ ارینجمنٹ کے عنوان سے جاری ایک اور میمورنڈم نمبر No.Admin(Org)Misc-300 (c)2018/762 کے مطابق عبدالمنان بھٹی انچارج IR کو Lawڈپارٹمنٹ کا انچارج بنادیا گیا ہے۔ جبکہ انچارج لا توصیف خان کو LPRپر بھیج دیا گیا ہے۔ ادھر حکام نے اپنے من پسند ڈپٹی منیجر آئی آر محمد قاسم چانڈیو کو انچارج آئی آر بنادیا ہے جبکہ قاسم چانڈیو کی اہلیت اس اہم پوسٹ کیلئے نہ ہونے کے برابر ہے۔ حکام نے الطاف قدیر عباسی ( ڈی ایم) پی ایس پی ایس کو انچارج PSPS بنادیا ہے۔ اسی طرح اسٹیل مل کے تجربہ کار انچارج پی آر سید عبدالحفیظ شاہ کو ضرورت ہونے کے باوجود ایل آر پی پر بھیج کر کمیونیکیشن اینڈ سگنلنگ C&S ڈپارٹمنٹ کے ڈی ایم چوہدری محمد افضل کو انچارج پی آر تعینات کردیا ہے جبکہ انہیں پبلک ریلیشنگ کوئی تجربہ نہیں ہے۔

Comments (0)
Add Comment