جاں بحق بچی کو پولیس کی گولی لگنے کا شبہ

کراچی(رپورٹ: عظمت رحمانی)شہر میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کی روک تھام میں پولیس ناکام ہوگئی۔ گزشتہ دنوں اختر کالونی سگنل پر پولیس اور ڈاکوئوں کے مابین مقابلے میں پولیس نے ناقص حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، جس کی وجہ سے بچی کی جان چلی گئی تھی۔2 روز گزر جانے کے بعد بھی پولیس ڈاکو کی شناخت کرسکی اور نہ ہی بچی کو لگنے والی گولی کا تعین کیا جاسکا، جب کہ بچی کو پولیس کی گولی لگنے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔پیر کی شب اختر کالونی سگنل کے قریب مبینہ طور پر 3 ڈاکو متعدد شہریوں کو لوٹنے کے بعد قیوم آباد کی سائیڈ سے اختر کالونی روڈ کی جانب آئے، جہاں پر ناکے پر لگی پولیس کو دیکھ کر فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں کار میں بیٹھی 10 سالہ ایمل عمر کے سر میں گولی لگی اور وہ جاں بحق ہوگئی۔اس دوران پولیس کی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک اور 2فرار ہوگئے۔ جناح اسپتال کی لیڈی ایم ایل او ڈاکٹر ذکیہ کے مطابق ایمل کے ماتھے کو قریب سے گولی لگی۔گولی پستول کی تھی،تاہم گولی کے خول اور خون کے نمونے لیبارٹری کو بھیجے گئے ہیں۔حتمی رپورٹ دو سے تین دن میں جمع کروائی جائے گی۔مذکورہ واقعہ کے حوالے سے ایک مقدمہ نمبر 261بابر شہزاد کانسٹیبل کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی کہ ڈاکو شہریوں کو لوٹا ہے اور کسی ایک شہری کی مزاحمت پر فائرنگ بھی ہے ۔دوسرا مقدمہ مدعی عمر عادل و لد عادل صلاح الدین کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں عمر عادل نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو نے ہی انہیں لوٹا تھا۔ اگلے ناکے پر فائرنگ ہوئی اور ایک فائر اس کی بیٹی کو لگی تھی۔ عمر عادل نے مطالبہ کیا کہ دیگر 2ملزمان کو گرفتار کر کے سزا دی جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں بڑھتی وارداتوں پر قابو پانے میں پولیس ناکام نظر آرہی ہے۔روزانہ پولیس کو ہر تھانے سے 3سے 4وارداتوں کی شکایات موصول ہوتی ہیں، لیکن پولیس کی جانب سے رپورٹ تیار نہیں کی جاتی۔ دوسری جانب تھانے میں تعینات انٹیلی جنس اہلکاروں کی عدم دلچسپی کے باعث بھی اسٹریٹ کرائم بڑھ رہے ہیں۔واضح رہے کہ پولیس کے بیان کے مطابق ملزمان کی گولی بچی کو لگی۔2 ملزم رکشے میں فرار ہوگئے۔ حیرت انگیز طور پر ملزمان کے زیر استعمال رکشے کا بھی سراغ نہیں لگایاگیا۔اس حوالے سے بھی پولیس خاموش ہے۔ڈیفنس تھانے کے انٹیلی جنس افسر مسکین تنولی کا کہنا ہے کہ نادرا سے ریکارڈ ملنے کے بعد ہی تمام ملزمان کا کرمنل ریکارڈ بھی معلوم ہوسکے گا۔ایس ایچ او ڈیفنس عزیز شیخ کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے ایک ہی روز 5تھانوں کی حدود میں شہریوں سے 7موبائل فون ،پرس اور زیور لوٹ لیے۔ملز مان نے تمام وارداتیں رکشے میں بیٹھ کر کی ہیں۔ملزمان نے ایک واردات آرٹلری میدان ، دوسری واردات بلوچ کالونی،تیسری واردات کورنگی انڈسٹریل ایریا اور پھر ڈیفنس تھانے کی حدود میں واردات کی، جس میں انہوں نے فائرنگ کی ہیں۔نادرا سے ریکارڈ ملنے کے بعد ہلاک ملزم کے بارے میں معلوم ہوسکے گا۔

Comments (0)
Add Comment