ہمدرد دواخانے کےمنیجرٹارگٹ کلنگ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ناظم آباد میں نامعلوم ملزمان نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔فائرنگ کے نتیجے میں ہمدرد دواخانہ کا منیجر ہلاک ہوگیا، جب کہ کار میں سوار خاتون محفوظ رہی، جو واردات کے بعد رکشہ میں بیٹھ کر فرار ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق گلبہار کے علاقے ناظم آباد دو نمبر کے پاس موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے کار نمبر AAC-803 پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں کار میں سوار شخص موقع پر ہلاک ہوگیا ،جبکہ کار میں موجود خاتون خوش قسمتی سے محفوظ رہی جو واقعہ کے بعد رکشہ میں بیٹھ کر فرار ہوگئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے 3خول اپنی تحویل میں لیتے ہوئے مقتول کی لاش کو قریبی اسپتال پہنچایا۔ایس ایس پی سینٹرل عرفان بلوچ نے امت کو بتایا کہ مقتول کی شناخت 50سالہ اصغر علی ولد صادق علی کے نام سے ہوئی۔وہ ناظم آباد میں واقع ہمدرد دواخانہ میں منیجر تھا۔وہ اپنی کار میں کسی خاتون کے ساتھ جارہا تھا کہ گھات لگائے ملزمان نے مذکورہ مقام پر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے ، جبکہ فائرنگ میں خاتون محفوظ رہی اور وہ واقعے کے بعد رکشہ میں بیٹھ کر فرار ہوگئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والی خاتون مقتول کے ساتھ ہمدرد دواخانہ میں کام کرتی تھی اور اصغر علی اسے روزانہ گھر چھوڑنے کیلئے جاتا تھا۔بعد ازاں فرار ہونے والی خاتون فرحت سلطانہ نے پولیس سے رابطہ کر کے بیان دیا ہے کہ وہ اصغر علی کے ساتھ دفتر میں کام کرتی ہیں اور مجھ سمیت 3خواتین روزانہ کی بنیاد پر اصغر علی کے ساتھ دفتر سے واپس ساتھ جایا کرتی تھیں۔ آج اتفاق سے میں اکیلی تھی اور یہ واقعہ رونما ہوا ۔عینی شاہد فرحت سلطانہ کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے کار پرفائرنگ کی، جس پر وہ خوفزدہ ہوکر رکشے میں بیٹھ کر گھر نکل گئی تھی۔انہوں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ پولیس کو میری جو مدد چاہیے۔میں تعاون کرنے کو تیار ہوں۔

Comments (0)
Add Comment