کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے صوبے بھر کے اسکولوں کی سیکورٹی سے متعلق درخواست گزار سے جواب الجواب طلب کرلیا ہے۔سندھ ہائی کورٹ میں صوبے بھر کے اسکولوں کی سیکورٹی سے متعلق کیس کی سماعت کے موقع پر درخواست گزار کی جانب سے محکمہ داخلہ اور دیگر کے جوابات پر اعتراض دائر کردیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت نے 3سال میں اسکولوں کی سیکورٹی کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا۔دیواریں اونچی کرنے اور دیگر اقدامات کیلئے فنڈز بھی جاری نہیں کیے گئے۔سندھ حکومت نے اسکولوں کو سیکورٹی دینے کے بجائے اسکولوں کو غیر ضروری سوالنامہ دے دیا۔عدالت نے فریقین کو جواب الجواب کیلئے 20 ستمبر تک مہلت دے دی جبکہ سندھ حکومت کی رپورٹ میں کہا گیا کہ سرکاری اور پرائیویٹ کی سیکورٹی کے لیے ایس او پی مرتب کردی ہے۔آئی جی سندھ کو ایس او پی پر عملدرآمد کے لیے پابند کردیا ہے اور تعلیمی اداروں کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔واضح رہےکہ دسمبر2015میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد دیگر اسکولوں کی سیکورٹی سے متعلق درخواست پر عدالت عالیہ نے سندھ حکومت سے سیکورٹی اقدامات کی رپورٹ طلب کی تھی۔