انور مجید اور بیٹے عبدالغنی کو آج کراچی منتقل کیا جائے گا

کراچی(عمران خان)ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ مقدمے میں سپریم کورٹ کےباہر سے گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی کو کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ملزمان کو آج دوپہر ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم اسلام آباد سے کراچی لائے گی اور دونوں ملزمان کو ایئر پورٹ سے ہی عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں سے انکا ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ ملزمان ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کے جس مقدمے میں نامزد ہیں وہ کراچی میں درج کیا گیا ہے اس لئے انکا تفتیشی ریمانڈ حاصل کرنا ضروری ہے۔بے نامی اور جعلی بینک اکائؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے الزام میں درج مقدمہ نمبر 04/18میں تفتیشی افسر اسسٹنٹ ڈائریکٹر علی ابڑونے ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد میں انور مجید اور عبدالغنی کو گرفتار کیا تھا۔دوسری جانب امیگریشن ذرائع نے بتایا کہ انور مجید کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا جوان کی گرفتاری کے بعد ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں شامل کردیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے نے ملزمان سے اومنی پرائیوٹ لمیٹیڈ ،میسرز انصاری شوگر ملز،میسرز اومنی پولی میئر پیکجز ،میسر ز پاک ایتھول ،میسرز چیمبرشوگر ملزاور میسرزایگرو فارم ٹھٹھہ کے مختلف اکاوئنٹس سے رقوم کی غیر قانونی منتقلی کی تفتیش کرنی ہے ۔

Comments (0)
Add Comment