اسلام آباد(امت نیوز) اسلام آباد سپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن (ویمن ونگ ) کی چیئرپرسن اور اسلام آباد ٹیچرز ایسوسی ایشن کی سیکرٹری اطلاعات نوشین ناز آغا نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں بطور مہمان خصوصی جشن آزادی فٹ بال میچ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر اسلام آباد سپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر رانا تنویر احمد، انٹرنیشنل فٹ بائولر عرفان، پاک سپورٹنگ فٹ بال کلب کے سیکرٹری محمد یامین، اسوا اکیڈمی کے کوچ صدیق بنگش کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین نے کئی انٹرنیشنل سطح پر میڈلز حاصل کرکے ملک کا نام روشن کیا ہے جن میں کرکٹ، جوجٹسو، اتھلیٹکس، جوڈو، کراٹے اور دیگر کھیل شامل ہیں۔ نوشین ناز آغا نے کہا کہ حکومت کو ملک میںکھیلوں کی ترقی کیلئے گراس روٹ سطح پر اقدامات کرنے ہوںگے اور سکولز کالجز میں بھی کھیلوں کے مقابلے سالانہ بنیادوں پر منعقد کروائے جاتے ہیں۔