ڈاکوؤں نےکوئٹہ سے پنجگور جانے والی مسافر بس لوٹ لی

کوئٹہ (نمائندہ خصوصی)کوئٹہ سے پنجگور جانے والی مسافر بس مستونگ کے مقام پر ڈاکوؤں نے لوٹ لی، مسافروں نے واردات کیخلاف آرسی ڈی روڈ بلاک کر شدید احتجاج کیا۔ جس کے باعث شاہراہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ بعد ازاں مقامی انتظامیہ کی یقین دہانی پر مسافر احتجاج ختم کر کے منتشر ہوگئے۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ السفیر ٹرانسپورٹ کی ملی بھگت سے مسافروں کو لوٹا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ منصوبے کے تحت 4ڈاکو کوئٹہ ٹرانسپورٹ کمپنی کے ٹکٹ پر مستونگ میں سوار ہوئے تھے اور راستے میں ڈرائیور کو یرغمال بنا کر خود ڈرائیونگ کرتے رہے، انکے دیگر ساتھیوں نے مسافروں سے نقدی، زیورات اور موبائل فون چھین لئے اور سنسان مقام پر بس سے اتر کر فرار ہوگئے، ہم نے بس کے منشی سے رابطہ کیا لیکن انہوں نے اپنا نمبر بند کر دیا، جبکہ ڈاکو راستے میں منشی سے رابطے میں تھے۔

Comments (0)
Add Comment